واشنگٹن،16مارچ(ایجنسی) امریکا کے قومی سلامتی کےمشیر ایچ آر میکماسٹر نے مصری نژاد امریکی بنک کار ،پالیسی ساز اور ماہر اقتصادیات ڈینا پاول کو اپنی نائب مقرر کیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینیر عہدہ دار نے بتایا ہے کہ قومی سلامتی کی نائب مشیر کی بنیادی ذمے داری حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔توقع ہے کہ وہ فوج ،سفارتی شعبے اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان رابطہ کاری اور امریکا کی خارجہ پالیسی کے نفاذ کے لیے
ایک وسیع تر کردار ادا کریں گی۔
میکماسٹر کو ریٹائرڈ جنرل مائیکل فلن کی جگہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا تھا۔ان کے پیش رو کو ان انکشافات کے بعد اچانک اور جبری مستعفی ہونا پڑا تھا کہ انھوں نے واشنگٹن میں روسی سفیر سے اپنی ملاقاتوں کے بارے میں وائٹ ہاؤس کو اندھیرے میں رکھا تھا۔تاہم قومی سلامتی کونسل میں ان کے مقرر کردہ بہت سے عہدہ داروں کو نہیں ہٹایا گیا ہے ۔ان میں فاکس نیوز کی سابقہ تجزیہ کار اور قومی سلامتی کی نائب مشیر کے ٹی میکفارلینڈ بھی شامل ہیں۔